
رمضان المبارک میں پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے : ڈپٹی کمشنر سکردو
ڈپٹی کمشنر سکردو کیپٹن (ر) عارف احمد کی زیر صدارت رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں بلا تعطل پانی و بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سکردو، گمبہ، پی ڈی واپڈا، ایکسیئن برقیات، ایکسیئن واسا، جھیل کمیٹی کے ممبران، صدر پریس کلب سکردو اور صدر انجمن تاجران سکردو نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ڈی واپڈا اور ایکسیئن برقیات نے ڈیم میں پانی کی موجودہ ذخیرہ اور بجلی کی پیداوار سے متعلق شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں سحری کے اوقات میں 2 گھنٹے اور افطاری کے اوقات میں 4 گھنٹے عوام الناس کو بجلی فراہم کی جائے گی، اس حوالے سے سکردو شہر کو تین سرکٹ میں تقسیم کیا گیا، ہر سرکٹ کو دو دن بجلی آئن رہے گی اور ایک دن بجلی بند رہے گا، اور آف سرکٹ کو افطاری کے بعد بجلی دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ایکسیئن برقیات باقاعدہ طور پر رمضان المبارک کے لئے الگ شیڈول مرتب کرینگے اور اسی حساب سے عوام الناس کو بجلی فراہم کریں گے اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام الناس کو ماہ صیام میں سہولیات پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے لئے جاری کردہ شیڈول پر من و عن عمل کیا جائے اور سرکٹ کو آن کرنے اور بند کرنے کے لئے باضابط نظام وضع کریں۔ انہوں نے ایکسیئن واسا اور واپڈا کو ہدایات دی کہ دونوں محکموں کی باہمی مشاورت سے اور طے شدہ معاہدے کے تحت، عوام الناس کے ضروریات کے مطابق ماہِ رمضان میں پینے کے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ آخر میں جھیل کمیٹی کے ممبران نے واٹر سپلائی کمپلیکس سے متصل موجود غیر قانونی کرش پلانٹ اور فش فارم کو ہٹانے کے لئے قرارداد بھی جمع کرایا، جس پر قانونی کاروائی عمل میں لایا جائے گا۔