معرکہ بنیان مرصوص کی شاندار فتح کے بعد یوم تشکر کی مرکزی تقریب
یوم تشکر کے موقع پر تاریخی چنار باغ میں منعقدہ مرکزی تقریب

معرکہ بنیان مرصوص کی شاندار فتح کے بعد یوم تشکر کی مرکزی تقریب میں وزیر اعلیٰ گلبر خان نے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ یوم تشکر کے موقع پر تاریخی چنار باغ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے پرچم کشائی کی اور شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ جی بی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کرتے ہوئے شہداء کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا . وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں پاک فوج کی شاندار کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جسے اب پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی کے مقابلے میں پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف ملکی سالمیت کی حفاظت کی بلکہ دشمن کو تاریخی سبق بھی سکھایا تقریب میں صوبائی وزراء، اعلیٰ حکام اور مقامی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر عوام سے اتحاد اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی، جبکہ گلگت بلتستان کی ترقی اور امن کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
##