گلگت بلتستان کے ہونہار طالب علم نے اپنا پرفیوم کا برانڈ متعارف کروادیا
گلگت بلتستان کا ٹیلنٹ

تحریر شیرین کریم
گلگت بلتستان کے خوبصورت ضلع سکردو سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالب علم جمیل احمد نے کم عمری میں ہی انٹرپرینیورشپ کی دنیا میں قدم رکھ کر علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔ جمیل احمد اس وقت یونیورسٹی کے طالب علم ہیں اور اسی دوران انہوں نے خطے کا پہلا مقامی خوشبو برانڈ کوسمو سینٹس متعارف کروا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
گلگت بلتستان میں اب تک پرفیوم اور خوشبوؤں کی صنعت پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی تھی، لیکن جمیل احمد نے اس شعبے میں عملی قدم رکھ کر ثابت کیا ہے کہ مقامی نوجوان بھی خواب دیکھنے اور ان کو حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ کوسمو سینٹس کے ذریعے پہلی بار مقامی سطح پر تیار کردہ پرفیوم مارکیٹ میں آیا ہے جس کا کریڈٹ بلا شبہ جمیل احمد کو جاتا ہے۔
جمیل احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کاروباری تحقیق پر بھی خاص توجہ دی اور علاقے میں دستیاب وسائل اور خوشبوؤں پر تجربات شروع کیے۔ ان کا مقصد نہ صرف مقامی سطح پر معیاری خوشبو تیار کرنا ہے بلکہ علاقے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرنا ہے۔
بطور سی ای او، جمیل احمد کا خواب ہے کہ کوسمو سینٹس کو نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پاکستان بھر اور بین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچایا جائے تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ اس خطے میں کتنی صلاحیت اور کتنی خوشبو چھپی ہوئی ہے۔
جمیل احمد کے مطابق ان کا یہ سفر ابھی آغاز ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی میدان میں بھی محنت کریں تو علاقے کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پڑھائی مکمل کرنے کے بعد اس برانڈ کو مزید وسعت دیں گے اور مقامی وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال کر کے دنیا میں گلگت بلتستان کی خوشبو پھیلائیں گے۔
مزید جانئے جمیل احمد کی کہانی، ان کی زبانی، خصوصی انٹرویو میں۔۔۔