
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے تحصیل آفس گلگت میں پبلک فیسلٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیسلٹیشن سنٹر کے قیام کا مقصد عوام کو جدید، معیاری اور تیز ترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ہماری حکومت کا بنیادی مقصد شہریوں کو سہولیات کی بروقت فراہمی اور ان کے مسائل کا جلد حل نکالنا ہے جس کا عملی نمونہ گلگت میں نئے فیسلٹیشن سنٹر کا قیام ہے۔ یہ سنٹر ایک ایسا جدید پلیٹ فارم ہوگا جہاں عوام کو مختلف سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔ عوام کو سرکاری دستاویزات کی فراہمی بروقت اور آسان طریقے سے ممکن ہوگی۔ اب شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے اس فیسلٹیشن سنٹر سے ہی شناختی کارڈ، فارم بے، ڈومیسائل اور اسلحہ لائسنس کا حصول ممکن ہوگا۔ آن لائن اور ڈیجیٹل سروس کی فراہمی سے عوام کا قیمتی وقت ضائع نہیں ہوگا۔ عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں ہے اسی لئے ہم ایسے منصوبے متعارف کروارہے ہیں جس کا فائدہ براہ راست عوام کو ہو۔وزیر اعلی نے کہا ہے عوام ہمارے لیے مقدم ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور صوبائی وزراء کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان مشتاق احمد نے فیسلٹیشن سنٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔