14 چوٹیوں میں سے 12 کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔
نائیلہ کیانی پہلی خاتون کوہ پیما بن گئی

نائلہ کیانی نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کانچن جنگا سر کر لی
معروف پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی، 8,586 میٹر بلند کانچن جنگا، کو کامیابی سے سر کر لیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ 8,000 میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں میں سے 12 کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔
نائلہ کیانی نے اس مہم کو "ذاتی کامیابی سے بڑھ کر، پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل اور قومی فخر کا لمحہ” قرار دیا۔ ان کے مطابق، "یہ صرف ایک چوٹی کی فتح نہیں بلکہ ہر پاکستانی لڑکی اور عورت کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں اور بلند خواب دیکھیں۔”
نائلہ کیانی، جو دبئی میں مقیم بینکر، باکسر اور دو بچوں کی ماں ہیں، نے 2021 میں گاشر برم II سے اپنی کوہ پیمائی کا آغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے K2، نانگا پربت، براڈ پیک، ایورسٹ، اناپورنا، لوٹسے، مانسلو، چو اویو، اور حال ہی میں ماکالو سمیت دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کیا ہے۔
اب ان کے سامنے صرف دو چوٹیاں باقی ہیں— شیشاپنگما اور دھولاگیری — جنہیں سر کرنے کے بعد وہ دنیا کی ان 17 خواتین میں شامل ہو جائیں گی جنہوں نے تمام 14 آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں کو سر کیا ہے۔
نائلہ کیانی کی یہ کامیابیاں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں خواتین کے لیے ایک مثال ہیں کہ عزم، حوصلے اور مسلسل محنت سے کسی بھی خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔