اہم ترین

گلگت بلتستان میں سات سال بعد پولیو کا پہلا کیس رپورٹ

دو سال کا بچہ وائرس سے متاثر

گلگت بلتستان میں سات سال بعد پولیو کا پہلا کیس رپورٹ
دو سالہ بچہ وائرس سے متاثر، تانگیر کے علاقے گبر میں ہنگامی ویکسینیشن مہم شروع

گلگت بلتستان میں پولیو کا پہلا کیس سات سال بعد سامنے آگیا ہے۔ محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق، یہ کیس ضلع دیامر کے سب ڈویژن تانگیر کے گاؤں گبر سے رپورٹ ہوا ہے، جہاں ایک دو سالہ بچہ پولیو وائرس کا شکار ہوا ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ کے ذریعے وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی اور صوبائی سطح پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور انسداد پولیو ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق، متاثرہ علاقے اور اس کے آس پاس میں ہنگامی بنیادوں پر پولیو ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہیں تاکہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

ساتھ ہی، علاقے میں بچوں کی ویکسینیشن کا مکمل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، اور یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ کہیں پولیو مہم کے دوران کوئی بچہ ویکسین سے محروم تو نہیں رہ گیا۔ متاثرہ بچے اور اس کے خاندان کے حالیہ سفری ریکارڈز بھی حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ وائرس کے ممکنہ ذرائع کا تعین کیا جا سکے۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ کیس اس بات کا اشارہ ہے کہ علاقے میں ویکسینیشن کی مہمات میں خلا پیدا ہوا ہے یا کچھ بچے مکمل حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ گئے ہیں۔ اس ضمن میں باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ماہرین صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں، کیونکہ یہی اس مہلک بیماری سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ ہے۔

یہ واقعہ گلگت بلتستان جیسے پہلے سے پولیو فری قرار دیے گئے خطے کے لیے ایک سنجیدہ انتباہ ہے، جس پر فوری، جامع اور مؤثر کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔

شیرین کریم

شیرین کریم کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے وہ ایک فری لانس صحافی ہیں جو مختلف لوکل ،نیشنل اور انٹرنیشنل اداروں کے ساتھ رپورٹنگ کرتی ہیں ۔ شیرین کریم فیچر سٹوریز ، بلاگ اور کالم بھی لکھتی ہیں وہ ایک وی لاگر بھی ہیں اور مختلف موضوعات خاص کر خواتین کے مسائل ,جنڈر بیسڈ وائلنس سمیت عوامی مسائل ،موسمیاتی تبدیلی اور دیگر مسائل پر اکثر لکھتی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button