اہم ترین

خسورگن ایکسپیڈیشن کے دوران کلین اپ مشن

40 کلوگرام سے زائد کچرا صاف کیا گیا

خسورگن ایکسپیڈیشن کے دوران کلین اپ مشن، 40 کلوگرام سے زائد کچرا صاف کیا گیا

اسکردو: حال ہی میں خسورگن (Khosar Gang) ایکسپیڈیشن کے دوران ایک اہم ماحولیاتی اقدام کے تحت صفائی مہم (کلین اپ مشن) کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد صرف چوٹی سر کرنا نہیں تھا بلکہ پہاڑوں کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنا بھی تھا۔

ایکسپیڈیشن ٹیم میں رحیم آباد گلگت سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما فرید حسین اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے ولید ناصر شامل تھے۔

خسورگن، جو دنیا بھر کے کوہ پیماؤں اور مہم جوؤں کے لیے ایک مشہور مقام ہے، بدقسمتی سے بعض سیاحوں کی لاپروائی کے باعث ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہو رہا ہے۔ ٹیم نے تقریباً 6000 میٹر کی بلندی سے لے کر بیس کیمپ تک مختلف اقسام کا غیر نامیاتی کچرا اکٹھا کیا، جن میں استعمال شدہ پلاسٹک، خالی گیس سلنڈر، پیکنگ میٹریل اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ مہم کے دوران مجموعی طور پر 40 کلوگرام سے زائد ویسٹ صاف کیا گیا۔

مہم کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پہاڑوں کی بلندیوں کو سر کرنا ایک کارنامہ ضرور ہے، لیکن ان کی صفائی اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا ایک اخلاقی اور ماحولیاتی ذمے داری ہے جو ہر کوہ پیما پر عائد ہوتی ہے۔

اس مہم کو کامیاب بنانے میں کئی اداروں نے تعاون فراہم کیا، جن میں Serena Hotels اور دیگر اسپانسرز شامل تھے۔ ٹیم نے ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ماحولیاتی تحفظ کی اس کوشش میں ان کا ساتھ دیا۔

مہم کے منتظمین نے عالمی کوہ پیماؤں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ قدرتی ماحول آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہ سکے۔

شیرین کریم

شیرین کریم کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے وہ ایک فری لانس صحافی ہیں جو مختلف لوکل ،نیشنل اور انٹرنیشنل اداروں کے ساتھ رپورٹنگ کرتی ہیں ۔ شیرین کریم فیچر سٹوریز ، بلاگ اور کالم بھی لکھتی ہیں وہ ایک وی لاگر بھی ہیں اور مختلف موضوعات خاص کر خواتین کے مسائل ,جنڈر بیسڈ وائلنس سمیت عوامی مسائل ،موسمیاتی تبدیلی اور دیگر مسائل پر اکثر لکھتی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button